یونیورسٹی آف میانوالی (UMW) کی اکیڈمک کونسل کا چوتھا اجلاس 15 جنوری 2026 کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف میانوالی پروفیسر ڈاکٹر ندیم شیخ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (HED) کے نمائندے، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے نمائندے، اکیڈمک کونسل کے معزز اراکین اور یونیورسٹی آف میانوالی کے تمام تدریسی شعبہ جات کے انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا رجسٹرار یونیورسٹی آف میانوالی ڈاکٹر عبدالماجد خان رانا نے پیش کیا۔
اجلاس میں ہفتہ وار تعطیلات (Weekends) کے دوران تین نئے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کے آغاز کی منظوری دی گئی، جن میں ADP سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ADP کمپیوٹر آرٹس، اور ADP ای۔کامرس شامل ہیں۔ ان پروگرامز کے آغاز سے نہ صرف جدید تقاضوں کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار ہوگی بلکہ ملازمت پیشہ افراد اور طلبہ کو لچکدار تعلیمی مواقع میسر آئیں گے، جس سے آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں روزگار کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔
مزید برآں، ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دو علیحدہ شعبہ جات میں تقسیم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جو کہ ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اور ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مشتمل ہوں گے۔ اس فیصلے سے تدریس اور تحقیق کے معیار میں بہتری آئے گی، تخصص (Specialization) کو فروغ ملے گا اور طلبہ کو جدید اور مرکوز تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ وہ فیکلٹی ممبران جو انتظامی ذمہ داریوں میں مصروف ہیں، ان کے تدریسی ورک لوڈ میں نرمی کا اختیار وائس چانسلر کو دیا جائے گا، تاکہ وہ انتظامی امور کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں انجام دے سکیں اور ادارہ جاتی کارکردگی مزید بہتر ہو۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تعلیمی معیار، طلبہ کی سہولت اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے اکیڈمک کونسل کے فیصلوں کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا


